اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تقاریرسے لگتاہے کہ گلگت بلتستان میں اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے، یہ اقتدارکی ہوس میں مبتلا ہیں ، ان کی سوچ جمہوری نہیں ،ماضی کو دیکھتے ہوئے (ن) لیگ پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، جس ادارے پر نواز شریف نے تنقید کی اسی سے مدد مانگی جارہی ہے، جمہوریت پسند لوگ
منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کیسے کرسکتے ہیں؟،یہ جمہوری نہیں ،سیاسی مخالفین کیخلاف گھٹیا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے، ملک کا مستقبل عمران خان سے جڑا ہوا ہے، ہم اداروں کو دوبارہ کھڑا کررہے ہیں، معاشی اشاریے بتا رہے ہیں روزگار اور معیشت میں اضافہ ہورہا ہے، کورونا بحران نہ ہوتا تو پاکستان کی معیشت دگنی ہوجاتی، پاکستانی عوام کو جلد ہی حکومت کے اقدامات کے ثمرات ملیں گے، پیٹرول کی قیمت کم ہونے جارہی ہے،اشیاکی قیمتوں میں کمی کے اقدامات جاری ہیں،مہنگائی کم ہورہی ہے اور مزید کم ہوگی۔ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا،گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو بہت پذیرائی دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ10سال میں علاقے کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا،اپوزیشن کی تقریروں اور بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دینگے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ میڈیا گلگت بلتستان الیکشن کی بھرپور کوریج کرے اور صورتحال پر نگاہ رکھے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی نے شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کی جدوجہد کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عجیب رویہ ہے کہ جس الیکشن میں اپوزیشن کامیاب ہو وہ درست ورنہ سارا عمل غلط ہے ،مسلم لیگ ن کی قیادت کی سوچ میں تضاد ہے۔وزیر اطلاعات
و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں،جمہوریت کا لبادہ اوڑھے مسلم لیگ ن منتخب حکومت کے خاتمے کیلئے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان 22سال کی جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں،کورونا کے باوجود معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے
کہاکہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں،مزید اچھی خبریں آئیں گی، جمہوریت مضبوط ہو گی۔وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں پہلے کی طرح ناکام ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کے بارے میں نازیبا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے۔