اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی نوید سنا دی ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری تصدیق نہیں لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم ہونے جارہی ہے۔
آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا، اب امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گی ،مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گے۔دریں اثناوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اے ایس آئی محمد بخش بریرو اور ان کی صاحبزادی کو قوم کا سلام ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بریرو وہ قابل فخر والد ہیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی صاحبزادی کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ پوری پولیس فورس کی شان ہیں،آپ کا طرزِ عمل معاشرے کے لئے روشن پیغام اور امید کی کرن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نیکشمورمیں زنابالجبرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے ایک باہمت اورمثالی قدم اٹھانے والے اے ایس آئی بریرو اورانکی بیٹی سے بات کی ہے اور ان کے اقدام کو سراہا ہے۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ قوم ان پر نازاں ہے اور انہوں نے پولیس کی ساکھ کوبھی سہارادیاہے۔تمام نقائص دورکرتے ہوئے آئندہ ہفتے ہم زنابالجبر کیخلاف ایک سخت اورمجموعی قانون لارہے ہیں۔