اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے دوسری شادی کرنے والے قصور کے رہائشی ظہور الٰہی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد نمٹا دی ۔جمعہ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ میرا موکل اتنا زیادہ خرچہ برداشت نہیں کر سکتا۔
وکیل نے کہاکہ پہلی بیوی کو مناسب خرچہ دے رہے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ جب سنبھال نہیں سکتے تو دوسری شادی کیوں کرتے ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ آپکو کس حکیم نے کہا تھا کہ دوسری شادی کریں۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ آپ بتائیں آپکے ساتھ کیا سلوک کیا جائے،پہلی بیوی سے تین بچے ہیں انکو خرچہ دیں۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ زندگی ذمہ داری کا نام ہے صرف اپنے لیے جینا زندگی نہیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ 65 ہزار میں سے آدھی تنخواہ پہلی بیوی کو دونگا مگر جو 10 لاکھ بقایا ہیں وہ معاف کیے جائیں۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ٹرائل کورٹ کو کیس واپس بھیج دیتے ہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔