کوہاٹ(این این آئی) قبائلی ضلع کرم میں عیدمیلادالنبی ؐکے موقع پرہفتہ وار دو چھٹیوں سمیت پانچ روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کرم کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق امسال عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر ضلع بھر میں تمام دفاتر اور
ادارے 10 ربیع الاول سے 12 ربیع الاول بمطابق 28 اکتوبرتا30 اکتوبر2020 تک بندرہیں گے تاہم جن تعلیمی اداروں میں میٹرک کے سالانہ امتحانات یا دیگر امتحانات جاری ہیں وہ بدستور کھلے رہیں گے۔اعلامیہ کے مطابق 10 ربیع الاول اور 11 ربیع الاول بمطابق 28 اور29 اکتوبر2020 مقامی تعطیلات ہوں گی جبکہ 12 ربیع الاول بمطابق 30 اکتوبر2020 عام تعطیل ہوگی۔اسی طرح ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث قبائلی ضلع کرم میں عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پرسرکاری اور نجی دفاتر کے افسر اور اہلکار پانچ روزہ تعطیلات منائیں گے تاہم اعلامیہ کے مطابق عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پرجن اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ کسی قسم کی چھٹی نہیں کرسکیں گے۔