لاہور (آن لائن) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے حوالے سے ایک رپورٹ وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ہائوس میں بھجوائی جانے والی رپورٹ میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ پر عائد ان تمام اعتراضات کی نشاندہی کی ہے
جن کے باعث حکومت کی بدنامی ہو رہی تھی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رپورٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی سی پی او لاہور کے حوالے سے واضح طور پر تحریر کیا ہے کہ سی سی پی او لاہور ماتحت پولیس افسران اور اہلکاروں کو تنگ کرنے میں مصروف ہیں جن کی وجہ سے لاہور پولیس میں کوئی افسر تعینات ہونے کو تیار نہیں اور اگر سی سی پی او لاہور کی یہی صورتحال رہی تو لاہور پولیس میں کراچی جیسا واقعہ پیش آسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور کے نامناسب رویئے کی وجہ سے تھانہ کلچر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پولیس افسران کا مورال نیچے گر رہا ہے جبکہ سی سی پی او لاہور کا رویہ سائلین کے ساتھ بھی ٹھیک نہیں۔