اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر نے مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر ن لیگی قیادت کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی صدر مریم نواز اور دیگر رہنمائوں نے مزار قائد پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی ، اس دوران مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر مزار قائد پر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے
نعرے لگوائے تھے۔ان کے اس عمل پر وفاقی وزراء نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے تاہم پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے لیگی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مزار قائد کی بے حرمتی کرنے پر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور اس کے میاں نے جو مزار قائد پر کیا اس پر قوم سے معافی مانگیں، اگر یہ معافی نہ مانگیں توسمجھ جائیں مودی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز مزار قائد پر حاضری دینے پہنچیں تو ان کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر نے سیاسی نعرے لگوادیئے۔اتوارکوپی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے قبل مریم نواز نے مزار قائد پر حاضری دی اس موقع پر ن لیگ کارکنان اور کیپٹن(ر)صفدر نے مقدس کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے کیپٹن(ر)صفدر نے مزار کے احاطے میں سیاسی احاطے نعرے لگواتے رہے۔اس موقع پرمیڈیا سے غیرسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہاکہ کہا کہ پی ڈی ایم عوامی جذبات کی ترجمانی کررہی ہے، حکومت گوجرنوالہ جلسے سے ہل چکی ہے۔عمران کہتے ہیں گھبرانا نہیں مگر صرف عوام کی تکلیفیں دیکھ کر گھبراتے ہیں، عوام کو فاقے کرتا دیکھ کرہمارے دل گھبرارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی، ہماری تحریک ووٹ کوعزت دلانے تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا بیانیہ اصولوں اور آئین کی حکمرانی کے لیے ہے، کراچی کے عوام نے امیدوں سے بڑھ کراستقبال کیا۔مریم نواز نے کہا کہ کراچی کے عوام نے عزت، محبت اور شفقت دی ساری زندگی کراچی کے عوام سے جڑگئی ہوں۔قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے وقت جذباتی ہوگئی تھی۔