لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے تمام اضلاع میں فوری طور پر ایک ایک یونیورسٹی قائم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب کو جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے
کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں سے 17 اضلاع میں یونیورسٹیوں کا کوئی وجود نہیں۔ لہٰذا ان اضلاع میں ایک ایک یونیورسٹی قائم کی جائے۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جس کسی ضلع میں پوسٹ گریجویٹ کالج یا کسی یونیورسٹی کا سب کیمپس موجود ہو تو اسے اب گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ان ہدایات کی روشنی میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے پیپر ورک شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ایک یونیورسٹی کے قیام کے لئے 15 سے 20 کروڑ روپے کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا 17 یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے فوری طور پر اڑھائی ارب روپے کے فنڈز درکار ہونگے۔