لاہور (آن لائن) پنجاب کے 36 اضلاع کے میونسپل سروس پروگرام کے ڈیش بورڈ نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں کارکردگی کے حوالے سے صوبائی دارلحکومت لاہور پنجاب کے 36 اضلاع میں 36 ویں نمبر پر آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت مالی سال 2019-20ء کے صوبائی بجٹ میں رکھی جانے والی میونسپل سروسز پروگرام کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل نہیں کرپائی۔ محکمہ بلدیات کے اعدادو شمار کے مطابق پنجاب حکومت نے سابقہ مالی سال کے دوران 23 ارب روپے سے زائد مالیت کی میونسپل سروسز پروگرام کی 7 ہزار 365 ترقیاتی سکیمیں منظور کی تھیں۔ جن میں 1ارب 94 کروڑ روپے مالیت کی 251 ترقیاتی سکیموں کا تعلق لاہور سے تھا۔ مگر پنجاب حکومت صوبے کی سطح پر 23 ارب روپے سے زائد رقم میں سے صرف 8ارب 40 کروڑ روپے خرچ کرسکی ہے اور مقابلے کی اس دوڑ میں پنجاب کے 36 اضلاع میں لاہور کارکردگی کے حوالے سے سب سے پیچھے رہ گیا ہے۔