اسلام آ باد( آن لائن ) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے پیپلزپارٹی کو متنبہ کیا کہ (ن) لیگ سے بچ کر رہیں۔ نوازشریف فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں سمیت کسی پر بھی اعتماد نہیں کرتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا (ن) لیگ کے کئی رہنما
بھی نوازشریف پر اعتبار نہیں کرتے او ر نہ ہی نوازشریف فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماوں سمیت کسی پر اعتماد کرتے ہیں لہذا میرا پیپلز پارٹی کو مشورہ بھی ہے اور انہیں متنبہ بھی کر تا ہو ںکہ نوازشریف کی بداعتمادی کی ایک تاریخ ہے جلاوطنی ہو یا شہباز شریف کو وزیراعظم بنانا ہو۔ نوازشریف کسی پر اعتبار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کو کہوں گا کہ نوازشریف کیساتھ چلنا مشکل ہے ان سے بچ کر رہیں ۔ میاں صاحب مشرف سے ڈیل کر کے سعودی عرب چلے گئے تھے اور ان کے بڑے لیڈر چوہدری نثار، شاہد خاقان عباسی، مشاہد حسین اور خواجہ آصف جیلوں میں قید تھے۔ نوازشریف نے اس وقت بھی کسی سے مشورہ نہیں کیا تھا۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ میاں صاحب اپنے پارٹی رہنماؤں سے بھی مشاورت نہیں کرتے، انہوں نے شہبازشریف کی بجائے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنا دیا تھا۔