اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر کل کو کوئی قومی سطح کا بحران آتا ہے، عالمی برادری آپ پر پابندیاں لگادیتی ہے، ہندوستان کے ساتھ جھڑپ ہوجاتی ہے ، کوئی بھی اس قسم کا بحران آگیا تو اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ اڑ جائے گا۔
عمران خان اڑ جائے گا پھر لوگ کہیں گے کہ بلا ئونوازشریف کو، پھر اسٹیبلشمنٹ خود نوازشریف کے پاس جائے گی کہ سنبھالو حکومت۔نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا کہ معیشت بیٹھ گئی ہے، اگر اگلے چھ مہینے معیشت بیٹھی رہی تو سوچئے کتنی تکلیف ہوگی سب کو، عوام اور ناراض ہوں گے اور بحران پیدا ہوں گے۔ لوگ مزید عمران حکومت کے خلاف ہوں گے، پہلے مولانا فضل الرحمان لوگ لے آئے تھے، اب اور جماعتیں آئی ہیں۔ یہ فیصلہ کرکے آئیں گے کہ آر یا پار،نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف پنجاب نہیں بلکہ فاٹا میں بھی ایک نیا بیانیہ بن رہا ہے، مولانا فضل الرحمان جو کبھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں تھے ، کہتے تھے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے مہرے ہیں، وہ بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ہیں، بلوچستان میں انٹی اسٹیبلشمنٹ فیلنگز ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے خلاف محاذ بن رہا ہے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ آپ پنجاب کے دیہاتوں میں چلے جائیں، کھوکھوں پہ لوگ ایسے نوازشریف کی تقریر دیکھ رہے تھے جیسے پرانے زمانے میں کرکٹ میچ دیکھتے تھے۔سارے خوش ہیں کہ ہن بولیا اے میاں۔۔ ہن ساڈا شیر بولیا اے۔اب یہ بیانیہ بن گیا ہے، اب اسے بند کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔