اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی آئی اے اپنے ہی سعودی عرب کیلئے مقررکردہ کرایوں سے منحرف ، نیا کرایہ نامہ جار کر دیا ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2روزقبل انتظامیہ نے پاکستان سےسعودیہ کے شہروں کا کرایہ 84000روپے مقرر کیا تھا۔پی آئی اے نے 23 ستمبر سے سعودی عرب کے لئے کرایوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا۔
کرایوں کا نیا شیڈول پی آئی اے اسلام آباد دفتر کے باہر آویزاں کر دیا گیا۔ نئے شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ 1لاکھ 13 ہزار 673 روپے مقرر، اسلام آباد سے ریاض اور دمام کا کرایہ 1 لاکھ 11 ہزار 474 روپے مقرر کر دیا گیا۔ پی آئی اے انتظامیہ نے پرانے ٹکٹ کے لئے 58 ہزار 300 روپے کے اضافی چارجز بھی مقرر کر دیئے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے کرائے میں اضافہ کرنا پڑا۔دوسری جانب پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے یک طرفہ کرایوں میں 49 ہزار روپے کا اضافہ کردیا تھا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے کرایہ یک دم بڑا بڑھا دیا ہے، کراچی سے جدہ ، مدینہ یا دمام کے لئے یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ 27 ہزار روپے کردیا گیا ، لاہور ، اسلام آباد یا پشاور سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ ایک لاکھ 33 ہزار کردیا گیا، لاہور اسلام آباد یا پشاور سے ریاض اور دمام کا یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ 31 ہزار کردیا گیا ، اس سے پہلے پاکستان سے سعودی عرب کا کرایہ 84 ہزار روپے تھا۔ پی آئی اے نے اپنے تمام ٹریول ایجنٹس کو نئے کرایے سے آگاہ کردیاہے۔دوسری جانب نجی ایئرلائنز نے بھی سعودی عرب کے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ غیر ملکی ائیرلائن کی ایک لاکھ ایک ہزار کی ٹکٹ اب مارکیٹ میں ایک لاکھ 40 ہزار تک فروخت کیے جانے لگی ہے۔پی آئی اے کے مطابق کرایے میں اضافہ سعودی حکومت کی طرف سے پروازوں میں کورونا کے باعث 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔