لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اربوں کی کرپشن کی بات کرنے والے اب توشہ خانے کی ایک گاڑی پر آ گئے ہیں ،جب انہیں کوئی کرپشن نہیں ملی تو اب انہوں نے بہو بیٹیوں کو بلانا شروع کر دیاہے ۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ (ن)لیگ ختم ہو گئی ہے لیکن نئے سی سی پی او نے اس قدر سکیورٹی لگا دی ہے کہ کرفیو کا سماں ہے ،مریم نواز کی ریلی پر پولیس والے خود پتھرائو کرتے رہے ہیں ،سی سی پی او صاحب یاد رکھیں جن کا ایجنڈہ لے کر آپ آئے ہیں وہ 126 دن کنٹینر پر رہے ہیں ،ہمارے پرامن کارکنوں پر طاقت کا استعمال کیا گیا تو بہت مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینا چھوٹی بات ہے، پہلے سزائے موت، جائیدادوں کی ضبطگی اور بہت کچھ ہوا لیکن نواز شریف واپس آئے اور وزیراعظم بنے اب بھی نواز شریف دوبارہ واپس آئیں گے اور پھر وزیراعظم بنیں گے۔