اسلام آباد ( آن لائن )حکومت نے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو جشن آزادی پاکستان کے موقع پر بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور فیسکو، لیسکو، میپکو، گیپکو، حیسکو سمیت الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیوز سے کہا ہے کہ آ ج یوم آزادی پاکستان کے متبرک و مقدس موقع پر دن کے اوقات میں بالعموم جبکہ رات کے اوقات میں با لخصوص کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے تاکہ اہلیان پاکستان اپنی جشن زادی کی تقریبات
بھرپور انداز میں مناسکیں۔واپڈا پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ چیف ایگزیکٹوز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت عملہ پر واضح کریں کہ کسی مقام پر اچانک فنی خرابی کے علاوہ کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چا ہیے نیز اس صورت میں بھی تمام لائن سٹاف کو الرٹ رکھا جائے اور کسی فنی خرابی کی صورت میں اس کی فوری درستگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر بلاوجہ بجلی بند کی گئی تو کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔