لاہور(این این آئی) مسجد وزیر خان میں مبینہ گانے کی ریکارڈنگ پر گلوکاربلال سعید، اداکارہ صبا قمر اور محکمہ اوقاف کے افسروں کے خلاف سیشن کورٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی۔سردار فرحت منظور خان چانڈیو ایڈووکیٹ نے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی۔ایڈیشنل سیشن جج عتیق الرحمن درخواست پر سماعت کریں گے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بلال سعید اور صبا قمر پر مسجد میں
گانے کی عکسبندی کی گئی، بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے مسجد کا تقدس پامال کیا، مسجد کی توہین اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی پوسٹیں سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہیں، مسجد کے اندر رقص اور گانا عکسبند کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ استدعا ہے کہ صبا قمر، بلال سعید، لائن پروڈیوسر احمد وقاص اور محکمہ اوقاف کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔