لاہور (آن لائن) لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں فنکاروں کے رقص کے معاملے پر محکمہ اوقاف پنجاب نے مسجد کے منیجر اشتیاق احمد کو معطل کردیا۔مسجد وزیر خان میں فلم کی عکس بندی کے دوران فنکاروں کے رقص پر شہری سراپا احتجاج ہیں اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔مسجد وزیر خان میں فلم کی ریکارڈنگ کرنے والی کمپنی کا مؤقف ہے کہ انہوں نے
محکمہ اوقاف سے شارٹ فلم کی عکس بندی کی اجازت مانگی جو 30 ہزار روپے کی ادائیگی پر مل گئی۔ تاریخی مسجد میں مختصر دورانیے کی فلم کی عکس بندی کس کے حکم پر ہوئی اور مسجد میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے رقص کے وقت مسجد انتظامیہ کہاں تھی اس امر کی نشاندہی کے لئے محکمہ اوقاف نے تحقیقات کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو مقرر کردیا ہے۔