حافظ آباد(این این آئی)حافظ آباد کے نواحی گائوں احمد پور چٹھہ میں سوتیلی ماں نے چھ سالہ بیٹی کومارنے کے بعد لاش گھر کی الماری میں چھپا دی۔ اور بعدازاں بچی کے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا۔ پولیس نے شک ہونے پر خاتون کو گرفتار کیا تو اُس نے بچی کو مارنے کا اعتراف کرلیا۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے علاقہ احمد پور چٹھہ کے رہائشی لیاقت علی کی دو بیویاں تھیں۔گزشتہ روز اسکی چھ سالہ بیٹی عنایہ فاطمہ لاپتہ ہو گئی۔صدر پولیس نے اہل خانہ کے ہمراہ بچی کی تلاش شروع کی
لیکن بچی نہ مل سکی۔ پولیس نے شک کی بنا پر لیاقت علی کی دوسری بیوی نبیلہ بی بی کو حراست میں لیا تو دورانِ تفتیش نبیلہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اُس نے عنایہ فاطمہ کو گلے میں پھندا ڈال کر بے دردی سے مارکے لاش گھر کی الماری میں چھپا دی ہے ۔ پولیس نے ملزمہ کی نشاندہی پر الماری سے بچی کی لاش بر آمد کرکے پوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی اور ملزمہ کو گرفتار کرکے اسکے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔