اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اندھوں کو روشنی کا راستہ بتا رہے ہیں مگر عقل کے اندھوں کو بلاول بھٹو زرداری کی بات سمجھ نہیں آتی۔ آمروں اور ان کی باقیات کا کرپشن بیانیہ فلاپ ہو چکا کیونکہ سیاستدانوں کا احتساب کرنے پر ایسے کردار تعینات کئے گئے جن کا اپنا کردار داغدار رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ سیاست میں گھس بیٹھیوں کا انجام شروع ہو چکا ہے۔ اگر یہ گھس بیٹھیے مزید اقتدار پر بیٹھے رہے تو فیڈریشن کو
ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی ذمے داری ہے کہ چاروں اکائیوں کو ساتھ لے کر چلے مگر وفاق کا سندھ سے رویہ متعصبانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب میں اخلاقی جرأت ہے تو اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر احتساب کی دکان کو تالہ لگا دے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو قوم پر مزید مسلط رکھنا ملک سے دشمنی ہوگی کیونکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی نالائقی کی وجہ سے خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی، معیشت بھی دم توڑ چکی ہے، غربت اور بیروزگاری، بھوک اور معاشی ناانصافی کے خلاف لاوہ آتش فشاں بن رہا ہے۔