لاہور(این این آئی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جامعات کے معاملات پر اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کسی بھی محکمے سے فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اندر ایک شعبے سے دوسرے شعبے کو فائل بھجوانے کے لیے گورنر پنجاب نے دس دن کا وقت مقرر کر دیا ہے، وزیر اعلی سیکرٹریٹ، چیف سیکر ٹری ، گورنر سیکرٹریٹ بھی اس طے شدہ وقت کے پابند ہوں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس بارے میں باقاعدہ مراسلہ بھی جار ی کر دیا ہے جس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ یونیورسٹیوں کی فائلیں 10 دن سے زائد روکنے پر افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔مراسلے کے مطابق تمام محکموں کے افسران پر فائل 10 دن میں متعلقہ محکمہ کو بھجوانا لازم ہوگا۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ جامعات کے معاملات میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔