لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں عائد کیے جانے والے لاک ڈائون میں مزید 15روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزارتِ داخلہ پنجاب کی جانب سے لاک ڈائون میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں نافذ ہونے والے لاک ڈائون میں پندرہ روز کی توسیع کردی گئی ہے،نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا جو کہ 30جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے،شادی ہال،ریسٹورنٹ، پارک اورسینما ہال بدستور بند رہیں گے،
سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیلوں کے لئے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، پیرتاجمعہ کھلے رہیں گے جبکہ ہفتہ اتوار سخت لاک ڈائون ہوگا، میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور،زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس سے قبل 30 جون کو پنجاب حکومت نے لاک ڈان میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے 15 جولائی تک کے لیے لاک ڈان نافذ کیا تھا۔