لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن)پنجاب سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان اور عثمان بزدار نے جس چیز کا نوٹس لیا وہ مزید مہنگی ہوئی،عمران خان اور عثمان بزدار سے گزارش ہے کہ چیزیں مہنگی ہونے کا نوٹس نہ لیں کیونکہ آپ لوگوں کے نوٹس لینے کا مطلب مافیا کو کھلی چھوٹ دینا ہوتا ہے۔
عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہاکہ عمران خان نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چار گھنٹے سے 12تک پہنچ گیا۔عمران خان نے پیٹرول بحران کا نوٹس لیا تو آئل کمپنیز کو لوٹ مار کی اجازت دے دی۔عمران خان نے چینی اور آٹے کا نوٹس لیا تو چینی 95روپے اور آٹا 75روپے کلو فروخت ہونے لگا۔حکمران نوٹس نوٹس کھیل رہے ہیں اور مافیا لوٹ مار اور مال بنا پالیسی پر عمل کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے پنجاب کے عوام کو 2014میںبیس کلو آٹے کا تھیلہ 650روپے میں دیا۔عثمان بزدار نے پہلے سال ہی بیس کلو آٹے کا تھیلہ 800روپے اور دوسرے سال 1100روپے کا کردیا۔عوام نے اب حکمرانوں کی نالائقیوں کا نوٹس لینا شروع کردیا ہے۔عوام کا لیا نوٹس کٹھ پتلی حکومت کو محلوں سے اٹھاکر باہر پھینک دے گا۔انہوںنے کہاکہ تبدیلی اور نیا پاکستان عام آدمی کیلئے عذاب سے کم نہیں رہے،عام آدمی آج دوبارہ پرانا پاکستان اور نوازشریف کا پاکستان یاد کررہے ہیں۔