لاہور(این این آئی)پاکستانی سفارتکار یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی ختم کرانے اور پروازوں کی بحالی کے لئے متحرک ہو گئے،پاکستانی سفارتکار پی آئی اے کے ساتھ مل کر آئندہ ہفتے یورپی یونین سیفٹی ایجنسی میں اپیل دائر کریں گے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ یورپی یونین اور یو کے میں پاکستانی نژادپارلیمنٹرینزکی بھی مدد حاصل کی گئی ہے۔پی آئی اے برطانیہ کیلئے ہفتہ وار 23پروازیں آپریٹ کررہی تھی،
لندن کیلئے9سے 10،مانچسٹر اوربرمنگھم کیلئے 4،یورپ کیلئے6پرواز آپریٹ ہوتی تھیں جس میںپیرس، میلان،بارسلونا اور کوپن ہیگن شامل تھے۔ذرائع کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سے33ارب روپے سے زائد ریو نیو کے نقصان کا خدشہ ہے۔سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کی وجہ سے رواں سال پی آئی اے حج آپریشن بھی نہیں کررہی جس کی وجہ سے12ارب روپے کا نقصان کا سامنا ہے۔