اسلام آباد (این این آئی)ہمارے نبی حضرت محمد ؐ کے نام ساتھ خاتم النبیین لازمی لکھنے کی منظور کر دہ متفقہ قرارداد پر مرکز اور صوبوں سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔بدھ کو سپیکر اسد قیصر نے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو قرارداد پر خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کوبتایاکہ قرارداد پر عمل بھی کروائیں گے ۔ علی محمد خان نے کہاکہ 1974کے ختم نبوت والے فیصلے کے بعد دوروز قبل جو قرارداد منظور ہوئی وہ تاریخی واقعہ ہے ۔ قرارداد کے بعد لازم ہے کہ نصابی کتب میں جہاں جہاں حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم آئیگا وہاں وہاں لفظ خاتم الانبیین لازمی لکھا بولا اور پڑھا جائے گا۔ علی محمد خان نے کہاکہ اسپیکر آفس تمام مرکزی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو قرارداد پر عمل کے لئے خطوط لکھے،قرارداد پر عمل کرانا اس ایوان کی ذمہ داری ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ یہ ہم سب کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ خاتم الانبیین لازمی لکھے جانے کی متفقہ قرارداد منظور کی ،سپیکر آفس یقینی بنائے گا کہ قرارداد پر من و عن عملدرآمد ہو۔ سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ آج ہی قرارداد صوبوں اور متعلقہ اداروں کو پہنچ جائے گی ،فالواپ چیک کیا جائے گا کہ کتنا عمل ہورہا ہے ۔