اسلام آباد (این این آئی)مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹرز نے وفاقی ہسپتالوں میں کام چھوڑنے کی دھمکی دیددی ۔ صدر وائے ڈی اے پولی کلینک ڈاکٹر شیر عالم نے کہاکہ 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے رہے ہیں, اس کے بعد ایکشن نہ لیا گیا تو کام چھوڑ دیں گے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے دئیے گئے رسک الاؤنس کو منظور نظر افراد میں بانٹنا شرمناک عمل ہے۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے اپنے لوگوں کو ڈاکٹرز ظاہر کرکے فہرست میں نام ڈالوائے گئے۔ ڈاکٹر شیر عالم نے کہاکہ حکومت کی جانب سے منظور 897 افراد کی فہرست میں میرٹ کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ ڈاکٹر عزیز نے کہاکہ بے ضابطگیوں پر آواز اْٹھانے والوں کو شوکاز نوٹسز ملنا آمریت ہے۔ سیکرٹری جنرل وائے ڈی اے پولی کلینک نے کہاکہ ہسپتالوں میں جان خطرے میں ڈال کر کام ہم کرتے ہیں, رسک الاؤنس پر حق کسی اور کا کیسے ہوسکتا ہے ۔ ڈاکٹر فضل ربی نے کہاکہ اگر انتظامیہ کی جانب سے فی الفور شوکاز نوٹسز واپس نہیں لیے جاتے تو نہ ختم ہونے والا احتجاج شروع ہوگا۔ صدر وائے ڈی اے اسلام آباد نے کہاکہ وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر نائلہ اسرار کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔