فیصل آباد (این این آئی) فیصل آباد کے 25 مقامات کو سمارٹ لاک ڈائون کے تحت سیل کر دیا گیا۔ پولیس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری تعینات کر دی گئی۔ فیصل آباد شہر میں سمارٹ لاک ڈائون کے تحت سیل کیے جانیوالے علاقوں میں چوک گھنٹہ گھر اس سے ملحقہ آٹھ بازار، جھال مارکیٹ، وارث پورہ گول چوک، ڈی ٹائپ کالونی منڈی کوارٹر علامہ اقبال کالونی، رضا آباد، سمن آباد (رہائشی وکمرشل علاقے)
ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا مارکیٹ، غلام محمد آباد رہائشی وکمرشل علاقے صدر بازار، مدینہ چوک اور Eبلاک، منصور آباد مین بازار رہائشی وکمرشل علاقہ، رضا گارڈن، ایڈن گارڈن، عبداﷲ گارڈن، النجف کالونی، مسلم ٹائون بی بلاک اور مسلم ٹائون ون شامل ہیں جبکہ تحصیل صدر کے علاقوں میں ڈجکوٹ کارخانہ بازار، انار کلی بازار اور جمیل مارکیٹ اور دیگر کمرشل علاقے جھنگ روڈ سدھار کے کمرشل ایریا، مین بازار دھاندہ اور مسجد والا بازار، پینسرہ مین مارکیٹ، بھوآنہ روڈ کے کمرشل ایریا امین پور بنگلہ مین بازار کمرشل مارکیٹ کے علاقہ شامل ہیں۔ تحصیل جڑانوالہ میں پاکستانی گیٹ تا عبداﷲ سویٹ شاپ چوک گردوارہ بازار تا لاہور روڈ سے نیا بازار اور دس سے ملحقہ کمرشل بازار اور گلیاں، مین بازار کھرڑیانوالہ سلطان مارکیٹ اور نیو شاپنگ سنٹر اور مین بازار مکوآنہ، تحصیل تاندلیانوالہ کا مین بازار، انار کلی بازار سے ملحقہ گلیاں، موبائل مارکیٹ ماہی چوک تا مندر چوک، ریلبازار نمبر ایک، دو اور بنگلہ چوک مارکیٹ، تحصیل چک جھمرہ مین چک جھمرہ بازار اور تحصیل سمندری کا کچہری بازار، نہر بازار، چکی بار، مین بازار اس سے ملحقہ کمرشل اور رہائشی علاقے بھی شامل ہیں۔ فیصل آباد میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کو روکنے کیلئے جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا ہے۔ ان علاقوں کی تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، آفس (سرکاری وپرائیویٹ) بند رہینگے اور لوگوں کے
آنے جانے پر پابندی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ بند رہنے کی پابندی ہو گی صرف ایک شخص کو حفاظتی اقدام کے ساتھ اجازت ہو گی، جبکہ ان علاقوں میں مذہبی وسماجی سمیت ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہو گی جبکہ گروسری سٹور، کریانہ سٹور، آٹا چکی، فروٹ، سبزی فروش، تندور، پٹرول پمپ صبح 9 بجے سے 7 بجے تک کھلیں گے اور میڈیکل سٹور، فارمیسی، لیبارٹریز، کلیکشن پوائنٹس، ہسپتال اور کلینکس چوبیس گھنٹے اور دودھ دہی، پولٹری گوشت، بیکریز کی دکانیں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہینگی
اور بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے گروسری فارمیسی سیکشن کھول سکتے ہیں اور اس حوالے سے کرونا کی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروائیں گے۔ سرکاری ملازمین، جج، وکلاء، عدالتی سٹاف، ہیلتھ سٹاف، ہسپتالوں، کلینکس کے سٹاف، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، موبائل کمپنیوں کے دفاتر 50 فیصد عملہ، بنکوں کے محدود سٹاف کے ساتھ کھلیں گے۔ ویلفیئر /تنظیموں کی طرف سے فری دستر خوان کے علاوہ صحافیوں‘ اخبار فروشوں کو آنے جانے کی اجازت ہو گی اس کے علاوہ اگر محکمہ یا ادارے کو ضرورت ہو تو وہ کمشنر فیصل آباد سے اجازت نامہ لینا ہو گا جبکہ فیصل آباد کے بقیہ علاقے محکمہ صحت کی زیرنگرانی رہینگے۔