اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں کورونا وائرس کے لئے زندگی بچانے والی دوا قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں کے میڈیکل اسٹورز پر ڈیکسا میتھاسون کی گولیاں اور انجکشن غائب ہونا شروع ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں جناح ہسپتال،سول ہسپتال،عباسی شہید ہسپتال کے باہر میڈیکل اسٹورز پر ڈیکسا میتھاسون کی دوا نایاب ہوگئی اور کراچی کے مختلف میڈیکل سٹورز پر یہ دوا ناپید ہوچکی ہے۔ میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ منگل کی رات سے ہی اس دوا کی ڈیمانڈ شروع ہوگئی اور بدھ کی دوپہر تک یہ ختم ہوگئی ہے۔ ڈیکسا میتھا سون پر ذخیرہ اندوز فعال ہوگئے ہیں اور انہوں نے مارکیٹ سے دوا اٹھانا شروع کردی ہے۔دوسری جانب لاہور میں بھی یہ دوا شارٹ ہونا شروع ہوگئی ہے اور مختلف میڈیکل سٹورز پر یہ دوا دستیاب نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزی بڑھنے کی صورت میں اس انجکشن کی قیمت 2000 سے 3000 تک ہونے کا خدشہ ہے۔جبکہ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کےسینئر وائس چیئرمین عبدالصمد بڈھانی کے مطابق ڈیکسا میتھا سون انجکشن کی ہول سیل قیمت 450،ریٹیل قیمت 528 روپے تھی لیکن آج جیسے ہی ذخیرہ اندوزی شروع ہوئی تو اس کی قیمت 800 سے 1000 تک چلی گئی ہے اور اس کی فروخت روک دی گئی ہے