اسلام آباد ، گوجرانوالہ(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دو سیکٹر سیل کر نے کا فیصلہ کرلیا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے 2 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکٹر آئی ایٹ میں ایک دن میں کورونا کے دو سو کیس اور سیکٹر آئی -10 میں چار سو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ان علاقوں کو سیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو سکتا ہے۔دریں اثنا عالمگیر وبا کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر گوجرانوالہ کے 6 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گوجرانوالہ سہیل اشرف کے مطابق واپڈا ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن، احمد نگر، ماڈل ٹاؤن سمیت پیپلز کالونی اور قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ڈی سی گوجرانوالہ نے کہا کہ واپڈا ٹاؤن میں مکمل، سیٹلائٹ ٹاؤن بی اور ای بلاک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز کالونی ڈبلیو اور وائے بلاک، ماڈل ٹاؤن اے اور بی بلاک میں علاقے سیل کئیجائیں گے ، احمد نگر کی مختلف گلیوں کو سیل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں صرف گراسری شاپ، میڈیکل اسٹور اور دودھ دہی کی دکانیں کھلی رہیں گی، مین مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن ، پیپلز کالونی اور اندرون بازار میں لاک ڈاؤن نہیں ہو گا۔