اسلام آباد(این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 20 روز کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد میں 4 گنا اضافہ ہوا ہے ۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 26 فروری سے عید الفطر (24 مئی) تک کورونا مریضوں کی تعداد محض 1592 تھی، جو اب بڑھ کر 8500 سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ اس طرح عیدالفطر سے اب تک اسلام آباد میں 7000 کے
قریب نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز میں مردوں کی شرح 66.41 فیصد جبکہ خواتین کی شرح 33.59 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک سے 10 سال کے 657 افراد، 11 سے 20 سال کے 563 افراد ، 21 سے 30 سال کے 1665 افراد ، 31 سے 45 سال کی عمر کے سب سے زیادہ 1592 افراد، 46 سے 60 سال کے1588 افراد، 61 سے 80 سال کے 680 افراد، جبکہ 81 سال سے اوپر کے 50 افراد کورونا کا شکار ہیں۔