کراچی(این این آئی)انسپکٹر جنرل(آئی جی)پولیس سندھ کی سرکاری رہائش گاہ پر تعینات 23 پولیس اہلکار میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے 79 اور شاہراہ نورجہاں تھانے کے ایس ایچ او سمیت 21 پولیس ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے باتھ آئی لینڈ میں واقع
انسپکٹر جنرل پولیس کی سرکاری رہائش گاہ پر مختلف ڈیوٹی پر تعینات لگ بھگ 23 پولیس ملازمین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ان پولیس اہلکاروں میں پولیس سربراہ کے گن مین، گارڈز، ڈرائیورز اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ان تمام پولیس ملازمین کو آئیسولیٹ کرکے ان کی جگہ کورونا وائرس سے پاک نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ رہائشگاہ پر جراثیم کش اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے ویسٹ زون کے ضلع سینٹرل کے شاہراہ نورجہاں تھانے کے ایس ایچ او سمیت 21 پولیس افسران اور اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کے پرنسپل شوکت علی کھٹیان نے میڈیا کوبتایا کہ سندھ پولیس کے400سے زائد افسران اور اہلکاروں کی نفری پی ٹی سی سعید آباد میں مختلف کورسز پر ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے ان دنوں چھٹیوں پر ہے۔انہوں نے بتایا کہ سینٹر میں انتظامی ڈیوٹی پر تعینات دو ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز سمیت 79 پولیس ملازمین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ان ملازمین کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ صوبے کی پولیس کے 758 پولیس افسران اور اہلکاروں کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 194 ہے اور 8 پولیس ملازمین انتقال کرچکے ہیں۔