اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس معیشت کا پہیہ چلانے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اگر کورونا نہیں آتا تو ہمیں یقین تھا کہ ہم 4 ہزار 800 ارب رواں مالی سال حاصل کر لیں گے، ان ٹیکسز کی بنیاد پر جو ہم نے پچھلے سال لگائے یا ان سے پہلے جو پاکستان میں لگائے جا چکے ہیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری 17 فیصد گروتھ جاری تھی، ٹیکسز کی اور جو آخری کوارٹر ہوتا ہے اس میں سب سے زیادہ ٹیکسز جمع ہوتے ہیں تاہم اسی کوارٹر کے اندر کورونا کا سامنا کرنا پڑ گیا اور ٹیکس کے اہداف پورے نہ ہو سکے جس کی وجہ سے ہمیں 900 ارب روپے کا نقصان ہوا، صورتحال آہستہ آہستہ جب بہتر ہوگی تو ہم 4 ہزار 800 ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کے پاس معیشت کا پہیہ چلانے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ بے روز گار افراد کا ڈیٹا ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں ہوا، اس پر کام کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ امریکا میں بھی کورونا سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کو وہ معیشت نہیں ملی تھی جو عمران خان کو ملی۔