لاہور ( آن لائن ) صوبائی وزیر خوراک علیم خان نے کہا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت 70روپے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب بھر میں انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی سے چینی کی قیمت میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔کسی کو بنیادی اشیائے خورونوش میں بے جا اضافہ نہیں کرنے دیں گے، سینئر صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیڑول کے بعد چینی کی قیمتوں
میں واضح کمی انتہائی خوش آئند ہے۔ شہریوں کو تمام شعبوں میں خاطر خواہ ریلیف حاصل ہو گا۔علیم خان نے کہا کہ چینی کے نام پر ناجائز منافع کمانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے۔ وزیراعظم عمران خان قیمتوں میں استحکام کے لئے متحرک ہیں۔ اپوزیشن کو بھی چینی کی قیمتوں میں کمی کو سراہنا چاہیے۔ چینی کی طرح آٹے کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے کی کوشش کریں گے۔ جہاں کہیں خلاف ورزی ہوئی انتظامیہ سخت کاروائی عمل میں لائے گی ۔