اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کی تقریر کا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پورے پاکستان میں کرونا وائرس پھیلادیا، لاک ڈاؤن کے بغیر کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن نہیں۔ایک بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم سلیکٹڈ لاک ڈاؤن کے نام پر اپنی خجالت مٹانے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان بہت کنفیوژڈ ہیں،
انہیں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنز کی پیروی کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ لاہور میں بیٹھ کر وزیراعظم عمران خان پنجاب کے وزیراعلی کا کردار ادا کرکے اپنی صوبائی حکومت کی نااہلی کو تسلیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے خطاب کے دوران حیران کن طور پر عثمان بزدار ایک لفظ نہ بولے، دیگر حکومتی نمائندے بات کرتے رہے، خان صاحب، آپ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے بھی وزیراعظم ہیں۔شیری رحمان نے کہاکہ خان صاحب، آپ کی ٹائیگر فورس صرف سرکاری کاغذوں میں بجٹ کھارہی ہے، ٹائیگر فورس معاشرے میں انتشار پھیلانے کا ایک افسوس ناک منصوبہ ہے، عمران خان ٹائیگر فورس جیسے متنازع معاملات میں الجھا کر اپنی تاریخی ناکامی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان معیشت کو عوام کی زندگیوں پر ترجیح نہیں دے سکتے، یہ عمران خان کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگیوں کو بھی تحفظ دیں اور معیشت کو بھی بچائیں۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہاکہ عمران خان اگر عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے تو تاریخ میں ان کا نام سیاہ حروف سے لکھا جائیگا، عوام کیسے احتیاط کرسکتے ہیں کہ جب عمران خان خود ایس او پیز پر عمل نہیں کرتے؟ عمران خان کو اپنے کاروباری دوستوں کے نفع کی عوام کی زندگیوں سے زیادہ فکر ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج کرونا وائرس سے غریب لوگ زیادہ مررہے ہیں، اس کا کون ذمہ دار ہے؟ غریب کی بھوک تو عمران خان کا بہانہ تھا، اصل مقصد تو کاروبار کھلوا کر اپنے دوستوں کو نفع پہنچانا تھا، عمران خان صاحب! ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلیں، غریب عوام کرونا وائرس سے مررہے ہیں۔