اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کووڈ 19 نئے سروے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ محدود پابندیاں لگانے سے پاکستان میں تقریبا 1.4 ملین افراد اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے، جبکہ اگر مکمل لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے تو پاکستان میں 18.5 ملین افراد اپنی نوکریوں سے فارغ ہو جائیں گے۔اس وقت ہزاروں پاکستانی کورونا وائرس کے خلاف اپنی صحت کے حوالے سے جدوجہد میں مصروف ہیں، اب لاکھوں افراد
کو اپنی ملازمتوں کے لئے بھی کوشش کرنا پڑے گی، وبائی مرض نے ہنر مند اور غیر ہنرمند مزدوروں کو اپنی آمدنی میں کمی کرنے پر مجبور کر دیا ہے، ان اعدادوشمار کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) اقتصادی سروے کے حوالے سے مرتب کیا گیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ آخری سہ ماہی کے دوران، معاشی بحران کی وجہ سے روزگار کی پیداوار بری طرح متاثر ہوگی۔