لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا سے بچاؤ کے انجکشن پر ضلعی انتظامیہ ایکشن میں آ گئی، کورونا سے بچاؤ کا انجکشن بلیک میں بیچنے والا مافیا بے نقاب، کارروائی کے دوران ملزمان سے ایکٹمرا انجکشن برآمد کر لئے گئے، ملزم بارہ ہزار کا انجکشن ڈھائی سے چھ لاکھ میں فروخت کر رہے تھے اور باقاعدہ فروخت کی ایڈوانس بکنگ کی جاتی تھی۔ واضح رہے کہ لاہور بالخصوص پنجاب میں عمومی طور پر دیکھا گیا ہے کہ ایکٹمرا انجکشن کی شدید قلت پائی گئی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں جہاں پر
کورونا وائرس کے سپیشل وارڈز بنائے گئے ہیں وہاں پر یہ انجکشن دستیاب نہیں ہیں، حکومت نے اس سلسلے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے کامیاب کارروائی کی گئی ہے، چھ ملزمان بھی گرفتار کر لئے گئے ہیں اور ایکٹمرا انجکشن کی بھاری تعداد بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہر جگہ چھاپے ماریں اور جہاں جہاں یہ انجکشن ملتے ہیں وہ انجکشن سرکاری تحویل میں لے لئے جائیں۔