اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی بھی مہلک وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے سے کی۔
یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر والد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا شکریہ کہ آپ میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے۔قاسم گیلانی نے کہا کہ میرے والد کا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔وائرس کی تشخیص کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سابق وزیراعظم اور پی پی پی رہنما یوسف رضاگیلانی کے کورونا پازیٹو ہونے پر اظہار افسوس اور صحت کی دعا کی ہے ۔ ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نے کہاکہ یوسف رضاگیلانی نے ملک اور جمہوریت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ،اللہ تعالی یوسف رضاگیلانی سمیت تمام مریضوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔