اسلام آباد (این این آئی)وفاقی بجٹ 21-2020ء میں بجلی صارفین کی سبسڈی میں 111 ارب روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق کے الیکٹرک کی سبسڈی میں 34 ارب روپے کمی کی گئی ہے ،دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے سبسڈی میں 77 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔
بجٹ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے سوا دیگر بجلی صارفین کے لیے نظرِ ثانی شدہ سبسڈی 201 ارب روپے ہے۔دستاویز کے مطابق 201 ارب روپے کی سبسڈی آئندہ مالی سال کے لیے 124 ارب روپے کر دی گئی ہے، سبسڈی 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی ٹیوب ویل استعمال کرنے والے صارفین کو دی جاتی ہے۔بجٹ دستاویز میں کہا گیا کہ سبسڈی 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے فاٹا میں ضم علاقوں اور آزاد کشمیر کو بھی دی جاتی ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے سبسڈی 59 ارب روپے سے کم کر کے ساڑھے 25 ارب روپے کر دی گئی ہے۔بجٹ دستاویز میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے والے صارفین کے لیے 25 ارب روپے کی سبسڈی کو 10 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔بجٹ دستاویز میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک میں انڈسٹریل سپورٹ پیکیج کی سبسڈی 10 ارب روپے سے کم کر کے 5 ارب روپے کر دی گئی ہے۔بجٹ دستاویز میں کہا گیا کہ وفاقی بجٹ میں کے الیکٹرک کو سستی ایل این جی کی فراہمی پر سبسڈی بھی 14 ارب روپے کم کر دی گئی ہے۔