اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پلازمہ تھراپی پر کلینکل ٹرائلز کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والے مریض اپنا پلازمہ عطیہ کر سکتے ہیں۔متاثرہ مریض پلازمہ تھراپی سے تیزی میں ریکور کر رہے ہیں ، اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کچھ عرصہ پہلے پلازمہ تھراپی پر کلینیکل ٹرائل کی
اجازت دی تھی،اس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والے مریض اپنا پلازمہ عطیہ کر سکتے ہیں۔دوسری جانب کورونا علاج میں پلازمہ تھراپی کے مفید نتائج سامنے آنے پر تھراپی کی سہولتوں کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل سے ڈاکٹر طاہر شمسی نے ملاقات کی جس میں پلازمہ تھراپی کے ذریعے کورونامریضوں کے علاج سے متعلق گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پلازمہ تھراپی کی موجودہ سہولتوں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کی سہولتوں کو وسیع کیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ضروری سہولتیں مہیا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہرضاکارانہ پلازمہ عطیہ کرنے والوں کیلئے ہیلپ لائن شروع کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل کا کہنا تھا کہ پلازمہ عطیہ کرنے والے کی معلومات کوصیغہ راز میں رکھا جائے گا، کورونا سے صحت یاب زیادہ سے زیادہ لوگ پلازمہ عطیہ کریں۔