چکوال(آن لائن)پورے پنجاب کی طرح ضلع چکوال میں بھی کورونا مکمل طور پر پھیل چکا ہے اور لوگ ٹیسٹ کروانے کی بجائے، گھروں کے اندر از خود ہی آئسولیٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ منگل کے روز سبزی اور فروٹ منڈی میں عوام کا بے ہنگم ہجوم کورونا قواعدو ضوابط کو نظر انداز کر کے صبح چار بجے سے آٹھ بجے تک جاری رہا۔ جن پٹرول پمپوں پر پٹرول دستیاب تھا وہاں پر بھی قواعدو ضوابط کو مسلسل ہوا میں اڑا دیا گیا۔ بینکوں اور جنرل پوسٹ آفس میں
بھی حسب معمول زیادہ رش رہا۔ ماسک کوئی نہیں، سماجی فاصلے کا نام تک نہیں اور یہی وجہ ہے کہ کورونا کے وار تیز ہو رہے ہیں۔ بہرحال کورونا میں تیزی آنے سے لوگوں میں ڈر اور خوف پیدا ہو چکا ہے مگر پر ہجوم مقامات پر کورونا قواعد و ضوابط کی بے ضابطگیاں پورے عروج پر ہیں۔ ضلع انتظامیہ کیلئے موجودہ صورتحال یقینا ایک بڑا چیلنج ہے اور بے شک ضلع چکوال کے15لاکھ عوام کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ، حکومت اور بہرحال ریاست کی ذمہ داری ہے.