بہاول پور(آن لائن)عرب ممالک سمیت پاکستان میں زیادہ تر لوگ عید سو کر ہی گزارتے ہیں۔اجتماعی نیند’ کے نام سے شروع کیے گئے اس ٹرینڈ میں سعودی صارفین کے علاوہ غیر ملکی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دلچسپ کمنٹس کر رہے ہیں اور مزاحیہ تصاویر بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
اجتماعی نیند کی اصطلاح غالبا سعودی عرب تک محدود نہیں بلکہ دیگر عرب ممالک سمیت پاکستان میں بھی رائج ہے۔ پاکستان میں بھی لوگ عید کی چھٹیوں کو نیند پوری کرنے کے لیے استعمال کرتے اور دن رات سوتے ہیں۔چاند رات کو سعودی عرب میں کوئی نہیں سوتا بلکہ رمضان المبارک کے دنوں میں دن اور رات کی ہی کایا پلٹ جاتی ہے۔دن رات بن جاتا ہے جس میں لوگ ظہر کے بعد تک سو رہے ہوتے ہیں جبکہ رات دن میں تبدیل ہو جاتی ہے جس میں پوری مارکیٹ فجر سے پہلے تک کھلی رہتی ہے۔دوسری طرف عید کا اعلان ہوتے ہی مقامی و غیر ملکی اور چھوٹے بڑے سب رتجگا کرتے ہیں اور عید کی نماز کے بعد عزیز و اقارب سے ملن کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جو ظہر کے قریب تک جاری رہتا ہے۔بعد ازاں ظہر کے بعد سے لیکر رات تک پورا سعودی عرب گہری نیند میں چلا جاتا ہے۔ شہر کے شہر ویران، سڑکیں سنسان اور مارکیٹوں میں گویا ہڑتال کا سماں ہوتا ہے۔