اسلام آباد ( سی پی پی) وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے ٹیلی سکول کیلئے خصوصی ایس ایم ایس سروس 8228 متعارف کرا دی، سروس سے ٹیلی سکول کے بہتر نتائج اور تدریسی عمل کو موثر بنانے کیلئے طلبہ اور والدین کا براہ راست فیڈ بیک حاصل ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کورونا کی صورتحال میں وزارت تعلیم نے ہنگامی بنیادوں پر ٹیلی سکول کا آغاز کیا جو نا صرف تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبہ کیلئے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ تعلیم بالغاں اور آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے کا حصہ بنانے کا زبردست موقع ہے۔ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ والدین اور طلبہ کا فیڈ بیک حاصل کیا جائے جس کیلئے یہ ایس ایم ایس سروس متعارف کروائی جا رہی ہے۔ٹیلی سکول کیلئے 8228 ایس ایم سروس وزارت تعلیم، ڈیجیٹل پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ادروس نے کہا پاکستان میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف جانا ایک اہم پیشرفت ہے۔