لاہور( این این آئی )ملک کی تاریخ میں طویل ترین لاک ڈائون کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں ،گزشتہ روزشہر میں مارکیٹس ، بازار کھل گئے جس کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کا دبائو بھی بڑھ گیا ۔حکومت کی جانب سے لاک ڈائون میں نرمی کے اعلان کے بعد گزشتہ روز انار کلی،
مون مارکیٹ ،کریم بلاک مارکیٹ ،مال روڈ ،اچھرہ بازار ،برانڈنھ روڈ،منٹگمری بازار سمیت دیگر علاقوں میںکاروباری سر گرمیاںبحال ہوگئیں اور پہلے ہی روز خریداروں کا بے پناہ رش نظر آیا۔ خریداروں اور دکانداروں نے کاروبار کھلنے پر سکھ کا سانس لیا ہے۔خواتین کی بڑی تعداد گزشتہ روزخریداری کیلئے بازاروں میں آئی ۔بازاروں میں ماسک پہننے پر توجہ تو دی جارہی ہے مگر سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا جارہاجس سے وائرس پھیلنے کا خدشہ بدستور موجود ہے۔ شہر میں واقع شاپنگ مالز اورپلازے بندرہے ۔دوسری جانب شاہراہوں پر ٹریفک کا دبائو بھی بڑھ گیا ہے ۔