اسلام آباد (این این آئی)ملک میں کورونا وائرس سے مزید 25 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 691 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 31684 تک جاپہنچی ہے،8212مریض صحتیاب ہوگئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے مطابق پیر کو ملک بھر سے کورونا کے 781 کیسز اور 25 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن میں سندھ سے 537 کیسز 11 ہلاکتیں،
خیبر پختونخوا سے 206 کیسز 12 ہلاکتیں، اسلام آباد 38 کیسز ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔سندھ میں کورونا کے مزید 537 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کیمریضوں کی مجموعی تعداد 12017اور ہلاکتیں 200 تک جا پہنچی ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2149 ہے۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 38 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 679 ہو گئی ہے ، دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر نے کی۔ڈاکٹر مصطفی بشیر نے بتایا کہ 85 سال کے مریض کو کورونا کے باعث 8 مئی کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 86 ہے اور اب تک 64 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں پیر کو مزید 12 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 257 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 6، مردان میں تین اور سوات اپر دیر اور نوشہرہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 206 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4875 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1256مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔