اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو امریکی ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونز کی جانب سےخط ارسال کیا گیا ہے جس میں رمضان المبارک کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار کیا گیا سفیر پال ڈبلیو جونز نے خط میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل پر بات کی ہے۔قومی موقر نامے روزنامہ
جنگ کے مطابق پال جونز نے کہا کہ معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیےشراکت داری اور تیزی سے کوششیں کر رہے ہیں،جبکہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سے صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے۔انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ امریکا نے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی مدد احساس ایمرجنسی پروگرام میں دی ہے، یہ امداد 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فراہم کی گئی ہے۔پال جونز نے خط کے متن میں مزید بتایا کہ غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کے لیے امریکا نے 336 میٹرک ٹن خوراک فراہم کی ہے، کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ جنگ کے لیےامریکا نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے ۔پال جونز نے کہا کہ فوری ضروریات پوری کرنے کی خاطر اضافی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستانی حکام سے مل کر کام کر رہے ہیں، ان مشکل حالات میں پاکستانیوں کی طرف سے خیرسگالی اور مدد کے اظہار پر شکر گزار ہیں۔پال جونز نے خط میں مزید کہا کہ مشکل حالات سے متاثر ہونے والے پاکستانیوں کے لیے نیک تمناؤں اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں۔پال جونز نے خط کے آخر میں کہا کہ ہم مشترکہ کوششوں سے ہی کورونا کو شکست دیں گے اور اپنی خوشحالی و آزادی کا تحفظ کریں گے۔