میاں چنوں/چھب کلاں/ملتان(این این آئی) میلسی لنک کینال میں مسافر وین نہر میں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت ایک خاندان کے11افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق خانیوال ، میاں چنوں اور چوک اعظم کے ایک ہی خاندان کے 12 افراد وین پر سوار ہو کر فوتگی پر شیخو پورہ گئے تھے جہاں سے بدقسمت خاندان موٹروے کے ذریعے کیری وین نمبری 5690 ایل ای ای پر واپس آرہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے میلسی لنک کنال تلمبہ کے قریب پل باہمن پر نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں
جاں بحق ہونے والے گیارہ افراد کی لاشیں نکال لی گئی لواحقین کے حوالے کر دی گئیں ۔جاں بحق ہونے والوں میں علی عمران عمر 4 سال، دعا فاطمہ عمر 2 سال، صبا ،عمران ،ثنا ء اعجاز ،شبنم اعجاز ،عائشہ اعجاز ،گلزار ولد نظام دین عمر 80 سال صفدر عمر 40 سال اعجاز عمر 50 سال شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی کے نہر میں گرنے کے 22 گھنٹے بعد نہر کے کنارے بچے کے فیڈر اور گاڑی کے ٹوٹے ہوئے شیشے ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ حرکت میں آئی۔ ڈی سی نے میلسی لنک کنال کو بند کروایا، ریسکیو ٹیموں نے دوسرے روز موقع پر پہنچ کر نہر میں تلاش شروع کی۔ کیری وین میں 4 خواتین اور 3 بچوں سمیت 11 افراد سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق شیخوپورہ سے واپسی پرعبدالحکیم انٹر چینج سے اترنے کے بعد ویگن میں سوار افراد کا اپنے گھر والوں سے موبائل فون کا رابطہ ختم ہوگیا، کیری وین میں سوار افراد کی موبائل کال کی آخری لوکیشن تلمبہ کے نزدیک آئی جس کے بعدتمام افراد کے موبائل فون بند ہو گئے۔دریں اثناء ملتان کے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس اور ڈی پی او محمد علی وسیم کیری وین میں سوار 12 افراد کے لاپتہ ہونے کے معاملہ کی اطلاع ملتے ہی سدھنائی میلسی لنک کینال پہنچے مبینہ طور نہر میں گاڑی گرنے کے امکان پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انہار کو فوری نہر کا پانی بند کرنے کی ہدایت کی تاکہ لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کا کام شروع کیا جاسکے-