کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں واقع انگارہ گوٹھ کی ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد اسے خالی کرا لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مذکورہ عمارت 6 ماہ قبل ہی 80 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں 3 خاندان رہائش پزیر تھے۔پولیس کے مطابق 5منزلہ عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد کسی بھی حادثے کا شکار ہونے سے قبل رہائش پزیر افراد کو
یہاں سے منتقل کر کے عمارت کو خالی کروالیا گیا ہے۔پولیس نے بتایاکہ عمارت کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)کی ٹیم نے رات گئے دورہ کیا تھا، جس کے بعد عمارت کے اطراف میں واقع گھروں کو بھی خالی کروایا گیا ہے۔ایک علاقہ مکین نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد رات اچانک ہمارے گھروں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم رات گئے واپس چلی گئی تھی، جبکہ اب تک انتظامیہ کے افراد نے رابطہ نہیں کیا ہے۔علاقہ مکین نے بتایا کہ 80 گز کے پلاٹ پر یہ 5 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، لاک ڈائون کے دوران بھی تعمیرات کام جاری تھا اور شکایت کرنے کے باوجود بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔