اسلام آباد(آن لائن )پاکستان اور کویت کی حکومتوں اور ایک فنانشل انسٹی ٹیوشن کے اشتراک سے چلنے والی کمپنی پاک کویت انویسٹمنٹ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کووڈ-19 ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں کمپنی کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی اس ا?زمائش کے دوران ملک کے غریب اور پسماندہ لوگوں کی مدد کرنے کے لیے مالی اعانت جمع کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کے اقدام کے معترف ہیں اور ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان بھر سے مخیر حضرات کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ برائے کورونا فنڈ میں عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستانی تاجر حسین داؤد کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے جمع کرانے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی ایک کروڑ روپے کا چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا تھا۔