لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خاں نے چولستان کے لوگوں میں اراضی تقسیم پر نیب ملتان کی جانب سے شہبازشریف کو نوٹس کے اجراء کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کو آٹا چینی ، بی آر ٹی ، مالم جبہ ، فارن فنڈنگ ، ہیلی کاپٹر کے چوروں کے فیسزاور کیسز نہیں نظر آتے ،شہباز شریف کو چولستان کے متاثرین میں اراضی کی
تقسیم کا نیا نوٹس نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ نوازشریف ، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف ہر کیس کے پیچھے عمران نیازی کا فیس نظرآتا ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کرپشن کا حامی ہے، ورنہ آٹا چینی چور، ادویات سکینڈل میں ملوث وزیراعظم اور وزیر جیل میں ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا رونا رونے والے لال سہانرا پارک متاثرین کی زمین کی تقسیم پر سیاست کر رہے ہیں ،پہلے سے پسماندہ ترین اور محرومیوں کے شکار خطے کے عوام کو نیب نیازی گٹھ جوڑ سیاسی انتقام کی بلی چڑھا رہا ہے ،حکومت پنجاب کے قانونی اور شفاف ادارہ جاتی عمل کے تحت اراضی کی تقسیم کو دانستہ متنازعہ بنایاجارہا ہے ،عمران خان کا اپنا 300 کنال سے زائد کا محل قانونی نہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ بنی گالہ میں بھی کارروائی کرے۔