لاہور( این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خود کشی کرنے والے محنت کش کے بچوں کے سرپردست شفقت رکھ دیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متوفی نذیر احمد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متوفی نذیر احمد کے اہل خانہ کی مالی معاونت اور ایک بچے کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر مملکت شبیر علی قریشی کوٹ ادو کے
علاقے منڈی مویشی میں متوفی نذیر احمد کے گھر گئے۔ وزیر مملکت شبیر علی قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے متوفی نذیر احمد کے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت شبیر علی قریشی نے متوفی نذیر احمد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیرمملکت شبیر علی قریشی نے متوفی نذیر احمد کی بیوہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے 3لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا ۔ وزیر مملکت شبیر علی قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر آپ کے ایک بچے کو سرکاری ادارے میں ملازمت دی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو بچے کی سرکاری ملازمت کے لئے کارروائی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 6 بچوں کے محنت کش باپ نذیر احمد کی خودکشی المیہ ہے ،یتیم بچوں کی مالی معاونت احسان نہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے۔