فیصل آباد /ملتان (این این آئی)ابوظبی اور دبئی سے 4 خصوصی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد آنے والے افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ مراکز منتقل کر دیا گیا جبکہ ابوظبی میں انتقال کرنے والے شخص کی میت لاہور منتقل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کیمطابق ابوظبی سے130 مسافر پی آئی اے کی پرواز سے فیصل آباد پہنچے جہاں ان کی اسکریننگ کی گئی۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق 93 مسافرقرنطینہ مرکز جی سی یونیورسٹی منتقل کیے گئے جبکہ 37 مسافروں کو 3 مختلف ہوٹلوں میں منتقل کر کے قرنطینہ کر دیاگیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بیرون ملک سیآئے تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ابو ظبی میں انتقال کرنے والے پاکستانی کی میت بھی پرواز کے ذریعے لائی گئی جسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔گزشتہ شب دبئی سے آنے والی 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے 284 مسافر ملتان بھی پہنچے ہیں۔پہلی فلائٹ کے ذریعے141 مسافرملتان پہنچے، ان میں سے 88 مسافر لیبرکمپلیکس قرنطینہ مرکز جبکہ 50 مسافر ہوٹل منتقل کر دیے گئے،3 مسافروں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری فلائٹ میں 143 مسافر دبئی سے ملتان پہنچے جس میں سے 62 مسافرقرنطینہ مرکز منتقل کر دئیے گئے۔