اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان اور ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات کے فروغ،کرونا کے خلاف جنگ اور اس پر قابو پانے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ معاشرتی اور تجارتی تعاون خوش آئند ہے،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ ایرانی سفارتخانے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ،کرونا کے خلاف جنگ اور اس پر قابو پانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجربات ،علم اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کی ضرورت ہے،ایران پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ سرحد کے ذریعے تجارت کے خواہاں ہیں جبکہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی حمایت کرتے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کے ساتھ معاشرتی اور تجارتی تعاون خوش آئند ہے،دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔