اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے بد دیانت اور نا اہل سول سرونٹس سے سرکاری اداروں کو پاک کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ا س حوالے سے کرپشن میں ملوث یا نالائق افسران کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کیلئے رولز جاری کر دیئے گئے ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے حوالے سے رولز 15 اپریل کو جاری کردیئے ،سول سرونٹس ریٹائرمنٹ رولز فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے،
وزیر اعظم نے سول سرونٹس ریٹائرمنٹ رولز 2020 کی منظوری دی۔ ذرائع کے مطابق رولز کے تحت سول سرونٹس کو براہِ راست ریٹائر کیا جا سکے گا ،اطلاق افسران پر کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر ہوگا ،رولز کا اطلاق نیب یا کسی ادارے سے پلی بارگین کرنے والوں پر بھی ہو گا ،رولز کے تحت پہلے وفاقی حکومت ریٹائرمنٹ بورڈ تشکیل دے گی ، بورڈ گریڈ 20 و بالا براہ راست ریٹائرمنٹ کی سفارشات مجاز اتھارٹی کو بھجوائے گا ،سفارشات مجاز اتھارٹی یعنی وزیر اعظم کو بھیجی جائیں گی ،وزیراعظم گریڈ22 کے افسر کو ذاتی شنوائی کیلئے نامزد کریں گے ،قبل از وقت ریٹائرڈ افسران پنشن و مراعات کے حق دار ہوں گے ،متاثرہ افسروں کو اپیل کا حق دیا جا ئے گا ،بورڈ کے چیئرمین ایف پی ایس سی کے چیئرمین ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق بورڈ ممبران میں سیکرٹریز کابینہ، اسٹیبلشمنٹ، خزانہ، قانون ہوں گے ،جس وزارت یا ڈویژن کا افسر ہوگا اْس کے سیکرٹری بھی ممبر ہوں گے ،گریڈ 17سے 19 افسران کیلئے الگ بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ،گریڈ 17 سے 19 بورڈ کے چیئرمین متعلقہ ڈویڑن کے ایڈیشنل سیکرٹری ہوں گے ،سینئر جوائنٹ سیکریٹری یا جوائنٹ سیکریٹری بھی چیئرمین ہو سکتے ہیں۔